گھر کی پارٹی میں منشیات کے مبینہ استعمال پر کرن جوہرکو نوٹس جاری

این سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر افراد سے بھی تحقیقات کی جائیں گی،فوٹو: بھارتی میڈیا

 بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے معروف بالی وڈ فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر کو  منشیات کیس میں  نوٹس جاری کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ نوٹس سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے حوالے سے جاری کیا گیا ہے جس میں مختلف بھارتی اداکار مبینہ طور پر منشیات لیتے نظر آرہے ہیں۔

 این سی بی کی جانب سے جاری نوٹس میں کرن جوہر سے گذشتہ سال ان کےگھر میں ہونے والی پارٹی کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور ویڈیو کی حقیقت معلوم کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مقامی تنظیم شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈے) کے رہنما منجندر سنگھ نے چند روز قبل این سی بی میں شکایت درج کرواتے ہوئےکہا تھاکہ کرن جوہر کی  پارٹی میں منشیات کا استعمال کیا گیا تھا۔

کرن جوہر کے علاوہ منجندر سنگھ نے دپیکا ، ملائیکا اروڑا، ارجن کپور، شاہد کپور،، ورن دھون اور دیگر  کے خلاف بھی شکایت درج کروائی تھی جس میں پارٹی میں منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے،این سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر افراد سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کا معاملہ  رواں برس اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سامنے آیا تھا جنہوں نے 14 جون کو اپنے فلیٹ میں خودکشی کرلی تھی، ان کی موت کی تحقیقات کے دوران منشیات کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا جس کے بعد کیس میں دپیکا پڈوکون، شردھا کپور اور  سارہ علی خان کو  بھی طلب کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :