19 دسمبر ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔
چیف سلیکٹر کا عہدہ مصباح الحق کے ایک عہدہ چھوڑنے سے خالی تھا جب کہ چیئرمین کمیٹی کا عہدہ اقبال قاسم کے عہدہ چھوڑنے سے خالی تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو اہم خالی عہدوں پر تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین اور سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا اور دونوں عہدیداران کی تقرری تین سال کے لیے کی گئی ہے لہٰذا یہ دونوں آئی سی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 تک اس عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
محمد وسیم کی پہلی اسائنمنٹ جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے جنوری کے وسط میں قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کرنا ہے۔
پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا سال 2021 میں پہلا اجلاس بھی جنوبی افریقا کے خلاف سیریز سے قبل کراچی میں ہوگا۔
43 سالہ محمد وسیم فی الحال ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی کوچنگ کررہے ہیں اور وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج قائد اعظم ٹرافی کے بعد سنبھالیں گے۔
پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی تشکیل میں کوئی تبدیلی نہیں کی، تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز ہی سلیکشن پینل میں شامل رہیں گے۔
محمد وسیم کے چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا چارج سنبھالنے کے بعد ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے نئے کوچ کی تقرری کردی جائے گی۔
سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا، وہ 2013 سے 15 تک قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہے اور اب کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے۔
ان کے پینل میں علی نقوی ( میچ آفیشلز کے نمائندہ)، عمر گل ( ڈومیسٹک کرکٹرز کے نمائندہ)، عروج ممتاز (خواتین کرکٹرز کی نمائندہ)، وسیم اکرم (سابق کرکٹر اور میڈیا کے نمائندہ) شامل ہیں۔