23 دسمبر ، 2020
کراچی کے علاقے کیماڑی میں ایک بارپھر پر اسرار گیس سے علاقہ مکین بیمار ہونے لگے۔
ترجمان ضیاءالدین اسپتال کے مطابق گزشتہ رات دوافراد انتہائی نازک حالت میں ضیاء الدین اسپتال کیماڑی لائےگئے تھے، دونوں افراد کو فوری طبی امداد دی گئی مگر وہ جان کی بازی ہارگئے۔
ترجمان کے مطابق دونوں میں تمام وہ علامات تھیں جو فروری میں مبینہ گیس سے متاثرہ افراد میں تھیں۔
اسپتال ترجمان کاکہناگزشتہ رات مزید11 متاثرہ افراد کو بھی اسپتال لایا گیا تھا اور 2 دنوں میں 22 متاثرہ افراد ضیاء الدین کیماڑی لائے جاچکے ہیں، سب مریضوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، تمام افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں مبینہ طور پر بندرگاہ پر سویا بین اتارتے ہوئے علاقے میں 14لوگوں کی اموات ہوئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دنوں بھی بندرگاہ پرجہازوں سےسویا بین اتاری جارہی ہے، گذشتہ دنوں کیماڑی میں ایک بار پھر زہریلی گیس پھیلنے کی افواہوں پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے سویابین بردار جہاز کا دورہ کیا تھا اور صورتحال تسلی بخش قرار دی تھی۔
کے پی ٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ بندر گاہ پر سویابین ہینڈلنگ عالمی معیار کے طابق ہے ضرورت پڑی تو تصاویر جاری کریں گے۔