25 دسمبر ، 2020
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں کورونا وائرس کی وجہ سے کھلاڑیوں کا معاوضہ 20 سے 25 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پاکستا ن سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20فروری سے کرانے کی تجویز ہے لیکن کورونا کے باعث میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق صحت عامہ کی صورتحال میں وسائل بھی محدود ہوں گے جس کی وجہ سے فرنچائزوں اور پی ای ایس ایل کی آمدن بھی کم رہنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی اور فرنچائز کھلاڑیوں کے معاوضےمیں کمی پر متفق ہیں اور اس بار کھلاڑیوں کیلئے فرنچائز کے پاس مجموعی سیلری کیپ 9 لاکھ پچاس ہزار ڈالرز ہو گا جو پاکستانی کرنسی میں 15 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتا ہے جس سے وہ 18 کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔
پچھلے سال یہ کیپ 12 لاکھ ڈالرز تھی۔
پی ایس ایل 6 میں پلاٹینم کیٹیگری کے کھلاڑی کو ایک لاکھ 30 ہزار سے ایک لاکھ 70 ہزار ڈالرز ملیں گے، پہلے یہ رقم ایک لاکھ 47 ہزار سے 2 لاکھ 17 ہزار ڈالرز تھی۔
ڈائمنڈ میں زیادہ سے زیادہ معاوضہ 85 ہزار ڈالرز جبکہ گولڈ کیٹیگری کا زیادہ سے زیادہ معاوضہ 50 ہزار ڈالرز کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔