31 دسمبر ، 2020
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ 2020 یقینی طور پر ایک مشکل سال رہا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے انتھک محنت کی کہ کووڈ 19 کے اثرات کرکٹ پر نہ پڑیں۔
نمائندہ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر نے کہا کہ اس برس پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کی اور آئندہ برس کے لیے کئی ممالک کے ساتھ پاکستان میں سیریز کھیلنے کے حوالے سے معاہدے بھی کیے ، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا مشکل حالات میں انعقاد کیا جا رہا ہے اور کوشش یہ کی گئی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ شائقین تک پہنچایا جائے، میچز کو براہ راست نشر بھی کیا گیا جب کہ شائقین کرکٹ کو ڈومیسٹک میچز کی لائیو اسٹریمنگ بھی دستیاب تھی، اس کے علاوہ ویمن کرکٹ پر فوکس کیا گیا اور ان کی سرگرمیوں کو اہمیت دی گئی۔
سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ہمارا نیا آئین 2019 میں آیا اور اس برس نئے آئین کے اطلاق کے حوالے سے اقدامات کیے گئے، گورننگ بورڈ میں چار آزاد ڈائریکٹرز کا تقرر کیا گیا ان میں ایک خاتون ڈائریکٹر بھی شامل ہے اور ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک خاتون کی بھی تقرری کی گئی ہے۔
سی او او نے مزید کہا کہ سب سے اہم بات یہ رہی ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز کا انعقاد پاکستان میں کیا گیا اور ایسا پہلی مرتبہ ہوا، کووڈ 19 کی وجہ سے اس میں تعطل آیا لیکن نومبر میں باقی میچز کو مکمل کرنے میں کامیاب رہے، چار وینیوز پر میچز کرانے سے اس مرتبہ پی ایس ایل کے حوالے سے اچھا رسپانس آیا۔
سلمان نصیر نے اسٹیک ہولڈر اور شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کیا کہ جن کے تعاون سے بورڈ اپنے 2020 کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔