03 جنوری ، 2021
پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے مردم شماری میں کراچی سے زیادتی پراحتجاج کا اعلان کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اس جرم میں ایم کیو ایم کو برابر کا ذمہ دارسمجھتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت ایک کام بھی ٹھیک سے نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے لیڈروں کو ڈرائی کلین کرا رہی ہے لیکن کارکنوں کو نہیں، کراچی کی گنتی صحیح کرانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے مردم شماری کی منظوری کے خلاف کراچی میں 10 جنوری کوریلی نکالنے کا اعلان کیااور کہا کہ شہری بھر پور شرکت کریں، خاموش رہ کرگھر بیٹھ کر کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم ایم کیو ایم پاکستان کے سابق میئر کی کرپشن کے خلاف نیب سے لیٹر نہیں بھجوا سکتے اس لئے کہ حکمرانی ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کراچی کی جعلی مردم شماری پر یوٹرن لے کر اسے کالعدم قرار دیں، انقلاب کا نعرہ لگانے والے کوئی انقلاب نہیں لا سکے۔
سربراہ پی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سمیت پاکستان کی عوام یہ بات جان لیں کہ پاک سر زمین پارٹی کے علاوہ کوئی ان کے مسائل حل نہیں کر سکتا۔