19 ستمبر ، 2012
کراچی… کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ کئی علاقوں میں مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ بھی کی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ناظم آبادمیں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 3زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملیر کے علاقے میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے2 افراد ہلاک ہوئے۔ ترجمان متحدہ قومی موومنٹ کے مطابق مقتولین ان کے کارکن تھے، جبکہ ملیر کے علاقے ملت گارڈن میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا،مقتول کی شناخت 40 سالہ سلمان کے نام سے ہوئی ہے، لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل سرور شاہ کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ نبی بخش کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ اورنگی ٹاوٴن کے سیکٹر 13 سی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اور شخص ماراگیا ، ملیر کے علاقے سعود آباد میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا جبکہ بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے میں نادرن بائی پاس کے قریب ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی۔ادھر نارتھ کراچی سیکٹر فائیو جے میں نامعلوم افراد نے دو پتھاروں کو آگ لگا دی۔قائد آباد میں مشتعل افراد نے ٹرک کونذر آتش کردیا، پٹیل پاڑہ اور لی مارکیٹ چوک پر مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ شارع فیصل پر اسٹار گیٹ کے قریب مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔