19 ستمبر ، 2012
کراچی…ضلع ملیر کے نجی فارم کے قریب چھاپے کے دوران 5 مردہ بھیڑیں ملی ہیں۔فارم سے ملنے والی5مردہ بھیڑوں کے منہ سے خون رِس رہا ہے۔ ڈاکٹر محکمہ لائیواسٹاک سندھ کا کہنا ہے کہ بیماری کی صحیح نوعیت کا اندازہ تحقیقات میں کیا جائیگا تاہم جس طرح بھیڑوں کے منہ سے خون نکل رہا ہے اس سے ظاہرہوتا ہے کہ یہ بھیڑیں بیمار ہیں،اس سے قبل یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ آسٹریلیوی بھیڑوں کو چھپانے کی کوشش کی گئی ہے جسے ناکام بنادیا گیااور سرکاری ٹیم نجی فارم پر چھاپہ مارکر وہاں چھپائی گئی بھیڑوں کو برآمد کرلیا۔حکومتی ٹیم کی جانب سے اینٹلی جنس اطلاعات پر چھاپہ مارا گیا ،چھاپہ مار ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار شامل تھے،ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد کے مطابق تقریباً تین ہزار بھیڑیں امپورٹر نے ایک کمپاؤنڈ میں چھپائی تھیں۔بھیڑوں کو برآمد کرکے کمپاؤنڈ سیل کردیا گیا ہے۔