21 ستمبر ، 2012
برسبین … سابق آسٹریلوی ٹیسٹ اوپنر میتھیو ہیڈن نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 40 سالہ میتھیو ہیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر سے بہت لطف اٹھایا اور اس کے ساتھ جڑے ہوئے ہر لمحے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں اور اس سے کنارہ کشی کا فیصلہ ان کیلئے آسان نہیں تھا لیکن کافی غوروحوض کے بعد انتہائی قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ بگ بیش کے آئندہ سیزن میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی نہیں کریں گے لیکن ٹائٹل کے حصول کیلئے وہ اپنی ٹیم کی راہنمائی ضرور کریں گے۔ ہیڈن 2010ء میں انڈین پریمیئر لیگ میں چنائی سپر کنگز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ میتھیو ہیڈن نے 103 ٹیسٹ میچوں میں 8625 رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 30 شاندار سنچریاں اور 29 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 380 ان کا بہترین سکور ہے۔ انہوں نے 161 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں 6133 رنز بنائے۔ دس سنچریاں اور چھتیس نصف سنچریاں سکور کیں۔ ہیڈن نے نو ٹی ٹونٹی میچوں میں 380 سکور بنائے۔ یاد رہے کہ میتھیو ہیڈن نے 2010ء میں ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔