پاکستان
21 ستمبر ، 2012

آج یوم عشق رسول اللہﷺمنایا جارہا ہے،ملک بھر میں عام تعطیل

آج یوم عشق رسول اللہﷺمنایا جارہا ہے،ملک بھر میں عام تعطیل

کراچی… آج نبی کریم حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے اظہار کا دن منایا جارہا ہے۔ پورے ملک میں عام تعطیل ہے اور حکومت کی جانب سے چھٹی کا نوٹی فکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلے چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی عام تعطیل ہے۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بھی یوم عشق رسول منانے کی حمایت کی اورقوم سے پْر امن احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے صبح دس بجے کنونشن سینٹراسلام آباد میں عشق رسول کانفرنس کاانعقادکیا جائے گا جس میں تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے سربراہوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ عام تعطیل کی وجہ سے ملک بھر میں شٹرڈاوٴن رہے گا۔ بازاراورمارکیٹیں بند رہیں گی۔ سی این جی اسٹیشنز بھی نہ کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ پشاور میں پیٹرول پمپس بھی بند رہیں گے اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چلے گی۔ پورے ملک میں بینک اورتعلیمی اداروں میں بھی چھٹی ہے جس کے باعث مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں نے کل ہونے والے امتحانی پرچے ملتوی کردیے ہیں ، پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یوم عشق رسول اللہ ﷺ کے سلسلے میں لاہورپولیس نے آج احتجاجی مظاہروں اورریلیوں کے حوالے سے امن وامان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا۔ ناصر باغ سے گورنر ہاوٴس اور امریکن قونصلیٹ تک کے علاقے کو ریڈ زون قرار دیا گیا، اس علاقے میں اسلحہ اور ڈنڈے اٹھا کر چلنے پر ممانعت ہوگی۔اسلام آباد اور پشاور میں بھی امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں ریڈ زون فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :