21 ستمبر ، 2012
ممبئی…این جی ٹی…بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکارہ کرینہ کپور (بیبو) آج اپنی32ویں سالگرہ منارہی ہیں۔21ستمبر 1980کو بھارتی ریاست مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں بالی ووڈ کے نامور کپور خاندان میں جنم لینے والی کرینہ نے بالی ووڈ میں اپنا پہلا قدم 2000میں فلم "رفیوجی "کے ذریعے رکھا جس میں ناقدین نے ان کی کارکردگی کو بے حد سراہا ۔2001میں فلم "مجھے کچھ کہنا ہے" سے باکس آفس پر بے پناہ کامیابی سمیٹنے والی کرینہ نے اجنبی،اشوکا،کبھی خوشی کبھی غم،چمیلی،دیو،اومکارہ،جب وی میٹ،گول مال، تھری ایڈیٹس،باڈی گارڈ اور را ون سمیت مختلف فلموں میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔کرینہ کپور کی نئی فلم"ہیروئن"کل سے سینما گھروں کی زینت بنائی جارہی جسے ریلیز سے قبل ہی ناقدین کی جانب سے ہٹ قرار دیا جارہا ہے جبکہ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کے ساتھ نومبر میں آنے والی فلم"تلاش'کے بھی شائقین بے صبری سے منتظر ہیں۔حال ہی میں منظرِ عام پر آنے والی تازہ ترین اطلاعات اور انوی ٹیشن کارڈز کے بعد یہ بات بھی بلا آخر طے ہوہی گئی ہے کہ بالی ووڈ کی بیبو کرینہ16 اکتوبر کو پٹودی کے نواب اور بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کے ساتھ ازداوجی بندھن میں منسلک ہورہی ہیں جبکہ ان کی دعوتِ ولیمہ18اکتوبر کو ہوگی۔