26 جنوری ، 2021
کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اسپنر نعمان علی کا کہنا ہے کہ پہلے دن مشکلات کے باوجود بھی پاکستان ٹیم میچ میں کم بیک کی پوری کوشش کرے گی۔
نیشنل اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقا کو 220 پر آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان بھی 33 رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہوگیا، کھیل ختم ہونے پر فواد عالم اور اظہر علی وکٹ پر موجود ہیں اور ان کےبعد محمد رضوان بھی باقی ہیں۔
ڈیبیو کرنے والے نعمان علی کہتے ہیں کہ چار وکٹیں گر جانے کے بعد بھی پاکستان کی بیٹنگ اسٹرینتھ ابھی باقی ہے اور امید ہے کہ دوسرے دن اچھی بیٹنگ کرکے جنوبی افریقا کیخلاف بڑا ٹوٹل بورڈ پر سجائیں گے۔
اندرون سندھ کے علاقے کھپرو سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ کرکٹر نے اپنے ڈیبیو پر کہا کہ انہیں بھروسہ تھا کہ دو سیزن کی محنت کا صلہ ضرور ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیبیو کی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی، خوشی ہے کہ کوئنٹن ڈی کاک کو آؤٹ کرکے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی کوشش یہی تھی کہ جنوبی افریقا کو کم سے کم ٹوٹل پر آؤٹ کریں اور بولرز اس میں کامیاب ہوئے لیکن بدقسمتی سے بیٹنگ میں وہ اسٹارٹ نہیں مل سکا جس کی امید تھی، وکٹ سلو ہے اور ایسا ہی رہنا ہے، امید ہے دوسرے دن اچھی بیٹنگ ہوگی۔
ایک سوال پر نعمان علی نے کہا کہ اگر موقع ملا تو وہ بیٹنگ میں بھی پاکستان کیلئے اپنا کردار ادا کرکے ٹیم کے مقصد کیلئے اپنا حصہ ڈالیں۔