27 جنوری ، 2021
جنوبی افریقا کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے قومی ٹیم کی تشکیل پر قومی سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی مشاورت شروع کرلی۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت کے لیے زاہد محمود مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں جبکہ اعظم خان، عامر یامین ، عماد بٹ اور شرجیل خان کو شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز آئندہ ماہ لاہور میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلیکٹرز نے 20 رکنی ٹیم کی تیاری کیلئے ابتدائی مشاورت کی جس میں کھلاڑیوں کی نیوزی لینڈ میں پرفارمنس اور قومی ڈومیسٹک وائٹ بال ٹورنامنٹس کی کارکردگی پر بات کی گئی۔
شاداب خان کی عدم دستیابی کی وجہ سے سیریز میں دادو سے تعلق رکھنے والے اسپنر زاہد محمود کو شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ نیوزی لینڈ میں وائٹ بال کا حصہ بننے والے عبداللہ شفیق کا جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کیلئے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے، وہاب ریاض کی کارکردگی بھی زیر بحث آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر کے سلاٹ پر شرجیل خان کے نام پر غور کیا جارہا ہے جبکہ پاور ہٹنگ میں اعظم خان نے بھی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی ہوئی ہے جبکہ عامر یامین کا نام بھی سلیکٹرز کی ابتدائی مشاورت میں موضوع بحث بنارہا، عماد بٹ بھی جگہ حاصل کرسکتے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی سیریز 11 ، 13 اور 14 فروری کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کراچی ٹیسٹ کے اختتام پر کیا جاسکتا ہے۔