24 ستمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کرکے پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ایسا ملک بنانا چاہتی ہے جہاں تمام مذاہب ، مسالک اور تمام لسانی وثقافتی اکائیوں کو امن وسکون سے زندگی گزارنے کا حق ہو۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ نائن زیروپر فلم ، ٹی وی ، ریڈیواوراسٹیج سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے معروف فنکاروں ، گلوکاروں اورشوبز سے تعلق رکھنے والے دیگر افرادسے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔فنکاروں میں قاضی واجد، فرقان حیدر، محمد علی شہکی، محمد افراہیم، سعود قاسمی، انوراقبال بلوچ ، ایاز خان، ماجد جہانگیر ، محترمہ سندس خان ،محترمہ نگہت سلطانہ اوردیگر فنکاروں کے علاوہ تاج محمد نیازی قوال اور زمان ذکی قوال شامل تھے۔جبکہ اس موقع پر متحدہ کلچرل فورم کے ارکان اور رابطہ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ،پاکستان سے فرسودہ جاگیردارانہ ،وڈیرانہ، سرمایہ دارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر، نام نہاد جہادی کلچر، کلاشنکوف اورڈنڈا بردار شریعت کے کلچر سے نجات دلانا چاہتی ہے ۔ہم ایسے پاکستان کی تعمیرنو چاہتے ہیں جو قائداعظم محمد علی جناح کی خواہشات اورامنگوں کا نمونہ نظرآئے، جہاں سب کی حفاظت ہو، مذہبی رواداری اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی ہو، تمام مذاہب ، مسالک اور تمام لسانی وثقافتی اکائیوں کو امن وسکون سے زندگی گزارنے کا حق ہو، سب میں ایک دوسرے کو تسلیم کرنے اور قوت برداشت کا جذبہ ہو۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان میں فن کافروغ چاہتی ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ اس کیلئے ضروری ہے کہ فنکاروں کی ہرسطح پر حوصلہ افزائی ہو اوران کے مسائل پر بھرپورتوجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے فنکاراس بات کے گواہ ہیں کہ جب کبھی سینئر فنکاروں پر آزمائش کا وقت آیاتوملک بھر کی سیاسی جماعتیں اور رہنما خاموش رہے لیکن ایم کیوایم نے ہرموقع پرفنکاروں کا ساتھ دیا۔ الطاف حسین نے محترمہ زیبا بختیار اور دیگر فنکاروں کو نائن زیرو تشریف لانے پر ان کا شکریہ اداکیا اور انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو علم وہنر اورفن سے نوازا ہے لہٰذا آپ کو جہاں کہیں موقع ملے ملک کے مظلوم ومحروم عوام میں شعوری بیداری کے فروغ کیلئے اپنا کردار ضرورادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ حق پرست فنکاروں کے قافلے میں تعلیم یافتہ ، باصلاحیت آرٹس زیبا بختیار کی شمولیت کوخوش آئندقراردیااور امیدظاہرکی کہ زیبا بختیار حق پرستی کے قافلے میں ایک قیمتی سرمایہ ثابت ہونگی۔متحدہ کلچرل فورم کے عہدیداروں اور دیگرفنکاروں نے بھی زیبا بختیار کا نائن زیرو آمدپر پرتپاک استقبال کیا اورحق پرست فنکاروں کے قافلے میں ان کی شمولیت کونیک شگون قراردیا۔ اس موقع پر محترمہ زیبا بختیار نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجھے نائن زیرو آکر بہت خوشی ہوئی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں اپنے لوگوں میں آگئی ہوں۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم سب فنکار مل کرایسا کام کریں جس سے ہم پاکستان کو سب سے بہتر ملک بناسکیں۔ انوراقبال بلوچ،محمد افراہیم اور دیگر فنکاروں اور گلوکاروں نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم تمام فنکار اپنی صلاحیتیں استعمال کرکے آپ کی سوچ اور فکروفلسفہ کو ملک بھر میں ایک ایک دل تک پہنچائیں گے ۔فنکاروں کے بارے میں کبھی کسی نے اتنی سنجیدگی سے کام نہیں کیا جس طرح آپ کی جماعت کررہی ہے۔ آپ ایک نیک مقصد لیکر چل رہے ہیں اور اس مقصد میں ہم آپکے ساتھ ہیں ،انشاء اللہ وہ وقت بہت جلدآئے گا جب آپ کا حق پرستانہ پیغام ملک کے کونے کونے میں پھیلے گا ۔ الطاف حسین نے تمام فنکاروں کے خیالات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور انکی صحت وعافیت کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم پروڈکشن ونگ کے تحت تحریکی کہانی کی فلم بندی میں حصہ لینے والے تمام فنکاروں، کیمرہ مین، اسکرپٹ رائٹر، ایڈیٹرز، لائٹ مین ، ہدایت کاراور بالخصوص ڈرامے کے پروڈیوسر اوروڈیوسیکشن کے انچارج منصور احمد کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ تحریکی ساتھیوں کی کاوشوں کو دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم اگر اسی طرح محنت ولگن سے کام کرتی رہی تو یہ بہت جلد پاکستان کی بہترین پروڈکشن ٹیم ثابت ہوگی۔ انہوں نے شہنشاہ غزل مہدی حسن مرحوم ، عظیم مزاحیہ اداکار سفیراللہ عرف لہری مرحوم اور معین اخترمرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے بلند درجات اور ٹی وی اور اسٹیج کے معروف اداکار سکندرصنم کی علالت پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعائیں بھی کیں۔