17 فروری ، 2021
سینیٹ انتخابات کے لیے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ الیکشن کمیشن نے محفوظ کر لیا۔
فیصلہ کل صبح 9 بجے سنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، فوزیہ ارشد، فرح اکبر اور فرزانہ کوثر، طارق فضل چوہدری، فرید رحمان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے جبکہ آزاد امیدوار محمد یوسف کے کاغزات نامزدگی مسترد کر دیے گیے۔
الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں اسلام آباد سے سینیٹ نشستوں کے امیدواروں کی اسکروٹنی ہوئی۔
پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغزات نامزدگی پر پی ٹی آئی کے فرید رحمان نے اعتراض دائر کیا۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، وزیر اعظم کے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر تاحیات نااہلی ہے، یوسف رضا گیلانی کے نیب میں ریفرنس زیر التوا ہیں ، یوسف رضا گیلانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
وکیل یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جن کیسز پر عدالت کا فیصلہ نہیں آیا اس کو مخالفین جواز بنا رہے ہیں، مخالف وکیل صرف ان کیسز کا حوالہ دے رہے ہیں جو عدالتوں میں زیر التوا ہیں، یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیر اعظم ایک ملین کے قریب فیصلے کیے ، اس پر صرف چند نیب کورٹ ریفرنس میں آئے ہیں، کیس کا زیر التوا ہونا ہر گز وجہ نہیں ہے کہ امیداوار کے کاغذات کو مسترد کیا جائے ۔
ریٹرننگ آفیسر نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو صبح نو بجے سنایا جائے گا۔