19 فروری ، 2021
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے شکر کریں کہ حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ ہی نکلا ہے اژدھا نہیں نکلا۔
فیصل واوڈا حلیم عادل شیخ سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کی پیشی کے موقع پر انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچے۔
عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی کے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ سے متعلق سوال پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جو حالات ہیں شکر کریں کہ سانپ ہی نکلا ہے، اژدھا نہیں نکلا۔
حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ حلیم عادل کے ساتھ نامناسب سلوک ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بڑے ایشوز عمران خان نے سنبھال لیے جن کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہو سکتا تھا، آئندہ ڈھائی سالوں میں روٹی، دال اور گوشت سستا ہوگا۔
خیال رہے کہ عدالت نے کراچی میں ضمنی انتخابات والے روز پولنگ اسٹیشن پر اسلحے سمیت جانے پر حلیم عادل شیخ کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا، ایس آئی یو سینٹر میں جہاں حلیم عادل شیخ کو رکھا گیا تھا ان کے کمرے سے سانپ نکل آیا تھا۔