21 فروری ، 2021
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا 3 روزہ ورچوئل اجلاس کل سے شروع ہوگا، اجلاس میں منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف پاکستان کی جانب سے کیےگئے اقدامات کا جائزہ لیا جائےگا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان 6 نکات پر عمل درآمد کی رپورٹ ایف اے ٹی ایف کو بجھوا چکا ہے۔
21 نکات پر عمل درآمد کے سلسلے میں پاکستان کے اقدامات کی ایف اے ٹی ایف پہلے ہی تعریف کر چکا ہے، پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر نکات پر عمل درآمد کو میرٹ بنا کر فیصلہ ہوا تو پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائےگا لیکن اگر مغربی ممالک اور امریکا نے پاکستان پر دباؤ مزید بڑھانا ہو تو پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھا جائےگا، لیکن کسی صورت پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں نہیں ڈالا جا سکتا۔
اس سلسلے میں ترکی، چین اور ملائشیا نے پاکستان کو یقین دہانی کروارکھی ہے، ان ممالک کے ووٹوں کے بغیر پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں نہیں ڈالا جاسکتا، اجلاس کے فیصلوں کا اعلان 25 فروری کو کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کا نام جون 2018 سے ایف اے ٹی ایف کی گِرے لسٹ میں شامل ہے۔