22 فروری ، 2021
لاہور پولیس نے ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر 5 بڑے قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کرکے اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔
لاہور پولیس نے قبضہ مافیا کے خلاف پہلا آپریشن ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کیا اور اس دوران تمام دروازے بند کر کے نیٹس بھی ختم کروا دیے گئے جب کہ لاہور کرکٹ کلب ایسوسی ایشن کے گراؤنڈ کا چارج بھی ضلعی انتظامیہ کو دے دیا گیا۔
پولیس نے ایل سی سی اے گراؤنڈ کے منتظم عابد حسین کو حراست میں لے کر تمام دروازوں اور داخلی راستوں پر پولیس تعینات کر دی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اگست 2019 میں پی سی بی آئین تبدیل ہونے کے بعد لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کا وجود ختم ہو گیا تھا۔
ادھر جوہر ٹاؤن میں 60 کروڑ سے زائد مالیت کی محکمہ پروفیشنل گورنمنٹ کی 3 کنال 10مرلہ سرکاری اراضی واگزارکرائی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم مہر سجاد عرصہ دراز سے شانو بابا چوک میں زمین پر قابض تھا،قبضہ گروپوں نے خانہ بدوشوں کو بٹھا کر اور عارضی تجاوزات قائم کرکے قبضہ کیا ہوا تھا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ ٹاؤن شپ میں 32 کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہےجب کہ آپریشن میں پولیس کی 15 ریزروز نے حصہ لیا۔
ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کے مطابق 5 آپریشنز میں 10 ارب روپے مالیت کی 60 کنال زمین واگزار کرائی ہے۔