24 فروری ، 2021
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے آج ہونے والے ورچوئل اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا برقرار رکھنےکا فیصلہ کیا جائےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متعلق ایشیا پیسفک رپورٹ پر ایف اے ٹی ایف کا جائزہ آج مکمل ہوگا،ایشیا پیسفک گروپ نے پاکستان کی رپورٹ پلینری اجلاس میں پیش کی تھی اورگزشتہ روز فیٹف ممبر ممالک نے پاکستان سے متعلق ایشیا پیسفک رپورٹ کاجائزہ لیا تھا۔
ایف اے ٹی ایف اجلاس میں ایشیا پیسفک گروپ کی رپورٹس پربحث آج مکمل ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آج ہونے والے ورچوئل اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا برقرار رکھنےکا فیصلہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے اعلان کل تک ہوجائےگا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد کیا ہے، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام 27 شرائط پر مکمل یا جزوی عمل درآمد کر لیا ہے اور 27 میں سے کوئی بھی شرط نامکمل نہیں رہی-