25 فروری ، 2021
سینیٹ انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو کس بنیاد پر ٹکٹ دیے گئے اور کون سا امیدوار کس سیاست دان کا رشتے دار ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے کے پی کے میں سینیٹ انتخابات کے لیے 11 امیدواروں کو ٹکٹ دیے ہیں۔ پی ٹی آئی امیدوار محسن عزیز ، فیصل سلیم، لیاقت ترکئی اور ذیشان خانزادہ ارب پتی صعنتکار ہیں۔
فیصل سلیم، لیاقت ترکئی اور ذیشان خانزادہ سابق سینئر وزیر خیبرپختونخوا عاطف خان کے رشتے دار ہیں جب کہ لیاقت ترکئی صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کے والد ہیں۔
ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر دوست محمد محسود اور ڈاکٹر ہمایوں مہمند کا شمار وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ نجی اللہ خٹک کا تعلق مڈل کلاس سے ہے جب کہ خواتین کی نشستوں پر ثانیہ نشترکو احساس پروگرام بہتر انداز میں چلانے اور فلک ناز چترالی کو پارٹی کی دیرینہ ورکر ہونے پر ٹکٹ دیا گیا۔
اقلیتی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار گردیپ سنگھ سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی کابینہ میں شامل سورن سنگھ کے بردار نسبتی ہیں، سورن سنگھ کو بونیر میں قتل کیا گیا تھا۔
سینیٹ انتخابات میں اے این پی کے امیدوار ہدایت اللہ خان بھی ارب پتی ہیں، اے این پی کے دیگر امیدواروں کا تعلق متوسط گھرانوں سے ہے۔
جے یو آئی (ف) نے جنرل نشست پرمولانا عطاء الرحمان کو ٹکٹ دیا جو مولانا فضل الرحمان کے بھائی ہیں، جے یو آئی کے دیگر امیدواروں کا تعلق مڈل کلاس خاندانوں سے ہے اور وہ پارٹی کے پرانے کارکن ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے جنرل نشست پرفرحت اللہ بابر جب کہ خواتین کی نشست پرشازیہ طہماس کو ٹکٹ دیا، دونوں پارٹی کے وفادار اور پرانے کارکن ہیں ۔
مسلم لیگ (ن) نے جنرل نشست پر عباس آفریدی کو امیدوار بنایا ہے جو ارب پتی ہیں، (ن) لیگ کے دیگر امیدواروں کا تعلق مڈل کلاس خاندانوں سے ہے۔
جماعت اسلامی کے تمام امیدوار پارٹی کے پرانے کارکن ہیں جب کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی صوبائی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد چار ہے۔
پارٹی کی جانب سے جنرل نشست پرتاج محمد آفریدی میدان میں ہیں جو ارب پتی ہیں اور ان کے دو بھتیجے رکن اسمبلی ہیں۔
تاج محمد آفریدی شاہ جی گل کے چھوٹے بھائی بلاول آفریدی اور شفیق شیر آفریدی کے چچا ہیں جب کہ شکیل آفریدی تاج آفریدی کے بھتیجے ہیں۔