28 فروری ، 2021
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کے خلاف کوئی کیس نہیں جیتا، پی سی بی یہ کیس جیت کر بھی ہار جاتا کیونکہ عمر اکمل پاکستانی کھلاڑی ہیں اور کسی بھی کھلاڑی پر چارج لگا کر یا سزا دے کر پی سی بی کو خوشی نہیں ہو سکتی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ عمر اکمل پر 2 چارج تھے جس کی بنا پر ان پر 18 ماہ کی پابندیاں لگائی گئی تھیں لیکن ایک کیس آزاد ایڈجیو ڈیکٹر نے ختم کر دیا تھا اور 18ماہ کی پابندی کو برقرار رکھا تھا۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کے مطابق عالمی ثالثی عدالت نے 18 ماہ کو 12 ماہ کی سزا میں تبدیل کیا جب کہ 6 ماہ کی سزا کی جگہ ان پر ساڑھے 42 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
سلمان نصیر کے مطابق اس طرح پی سی بی نہ کوئی کیس جیتا ہے اور نہ ہارا ہے کیونکہ جیت میں بھی پی سی بی کی ہار ہوتی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو سزا دےکر انہیں اور بورڈ کو خوشی نہیں ہوتی۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ قوانین قوانین ہوتے ہیں جس کی پاسداری پر عمل لازمی کرنا ہوتا ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔