Time 02 مارچ ، 2021
پاکستان

مریم پنجاب میں سینیٹ الیکشن چاہتی تھیں، نواز شریف نے بلامقابلہ کا فیصلہ دیدیا، ذرائع

گزشتہ دنوں مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو میں بھی کہا تھا کہ پنجاب میں الیکشن کا جواب نہیں دینا چاہتی، ذرائع— فوٹو:فائل 

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کو عشائیے میں شرکت کی دعوت دی اور درخواست کی کہ مریم صاحبہ آپ کو عشائیہ میں آنا چاہیے۔

ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز نے ذاتی مصروفیت کا بتاکر عشائیے میں شرکت سے معذرت کی۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز اپنی چھوٹی بیٹی کی سالگرہ کی وجہ سے مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ارکان قومی اسمبلی کیلئے عشائیہ دیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز پنجاب میں سینیٹ کا الیکشن چاہتی تھیں لیکن پارٹی کے سینیئر ارکان کی تجویز پر نواز شریف نے بلامقابلہ کا فیصلہ دیا۔

گزشتہ دنوں مریم نواز نے میڈیاسے گفتگو میں بھی کہا تھا کہ پنجاب میں الیکشن کا جواب نہیں دینا چاہتی۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں سینیٹ کے امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے 5، 5 اور مسلم لیگ (ق) کا ایک رکن منتخب ہوا۔

مزید خبریں :