27 ستمبر ، 2012
پالی کیلے … ورلڈ ٹی 20 کے سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں شکست دے دی۔ پالی کیلے میں ورلڈ ٹی 20 کے سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا175 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 174 رنز بناسکا، میچ ٹائی ہونے کے بعد فیصلہ سپر اوور پر چلا گیا، سری لنکا کو پہلی باری ملی ، کیوی بولر ٹم ساوٴتھی کے اوور میں میزبان ٹیم نے بغیر کسی چوکے اور چھکے کے 13 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے برینڈن میک کولم اور مارٹن گپٹل میدان میں آئے تو سری لنکن کپتان نے گیند لستھ مالنگا کو تھمائی، 14 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم محض 8 رنز بنا سکی ، اس طرح سری لنکا نے مقابلہ 5 رنز سے جیت لیا۔ اس سے قبل کیویز کے 175 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کا آغاز انتہائی پر اعتماد تھا، اوپنرز نے ٹیم کو 80 رنز کا آغاز فراہم کیا ، تلکا رتنے دلشان 76 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 3 چھکے اور 5چوکے لگائے، مہیلا جے وردھنے 3چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 26 گیندوں پر 44 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، کمار سنگارا 21رنز بناسکے، سری لنکا جیت سے صرف ایک رن دور تھا کہ میچ کی آخری گیند پر تھریمانے رن آوٴٹ ہوگئے اور میچ ٹائی ہوگیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز فرینکلن نے 2 وکٹیں لیں، تین سری لنکن کھلاڑی رن آوٴٹ ہوئے۔ تلکا رتنے دلشان کو شاندار نصف سنچری پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔