07 مارچ ، 2021
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پنجاب اسمبلی میں اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
بلاول بھٹو کی چوہدری برادران سے ملاقات ایک گھنٹہ 25 منٹ جاری رہی جس میں انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کیلئے حمایت مانگی۔
چوہدری برادران نے چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضاگیلانی کی حمایت سے معذرت کی اور چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت کےاتحادی ہیں اور ووٹ دینےکا وعدہ کرچکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شجاعت نے بلاول سےکہا کہ آپ کی والدہ ہماری بہت عزت کرتی تھیں، ذوالفقارعلی بھٹو اوربینظیر کے بعد آپ تیسری نسل ہیں جو ہمارے پاس آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس پر بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پھر آپ ہمیں خالی نہ بھیجیں، یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے کا وعدہ کرلیں۔
اس پر سربراہ ق لیگ نے جواب دیا کہ ایسا وعدہ نہیں کرتےجو ہمارے اصولوں کے خلاف ہو۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے کہاکہ جب پرویزالٰہی ڈپٹی وزیراعظم تھے تو میرے والد نے ان کا پورا ساتھ دیا، اس پر چوہدھری شجاعت نے جواب میں کہاکہ آصف زرداری ذہین آدمی ہیں، ان کی عزت کرتاہوں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول نے پنجاب میں بزدارحکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی بات کی لیکن مسلم لیگ ق کے ذرائع نے بزدارحکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پربات ہونے کی تصدیق سے انکار کیا۔