دنیا
Time 08 مارچ ، 2021

برطانیہ میں لاک ڈاؤن میں نرمی ، جنوری سے بند اسکول اور کالج کُھل گئے

برطانیہ میں کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی ہے اور جنوری سے بند اسکول اور کالج  آج سے کھول دیے گئے ہیں۔

برطانوی حکام کے مطابق تعلیمی اداروں میں طلبا اور اساتذہ سمیت تمام افراد کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا جب کہ سیکنڈری اسکول اور کالج کے طلبا کے لیے شروع میں ہفتے میں 2 ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

اگلے مرحلے میں عوامی مقامات میں 2 افراد مل کرپکنک کرسکیں گے اور 29 مارچ سے 2 گھرانوں کے 6 افراد گھر سے باہر اور گارڈن میں ملاقات کرسکیں گے، 29 مارچ سے ٹینس، باسکٹ بال،گالف کورس اور فٹ بال گراؤنڈ بھی کھل جائیں گے۔

حکومتی منصوبے کے تحت 12 اپریل سے دیگر دکانیں، ہیئر ڈریسرز، جم اور آؤٹ ڈور مہمان نوازی کا شعبہ بھی کھل جائے گا، 17 مئی سے پب، ریسٹورنٹ اور سنیما کھل جائیں گے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے اپنی پوری آبادی کےلیے فائزر ویکسین خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔

وزیر اعظم  نیوزی لینڈ کے مطابق فائزر ویکسین کی 10 ملین تک خوراکیں پوری آبادی کے لیےکافی ہوں گی۔

ویت نام میں آج سے کورونا ویکسینیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے، پہلے مرحلے پر طبی عملے کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

اُدھر امریکی ریاست اڈاہو میں کورونا پابندیوں کے خلاف احتجاج میں مظاہرین نے ماسک جلادیے۔

اس کے علاوہ فرانس اور آسٹریا میں بھی کورونا پابندیوں کےخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :