قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ، پہلے روز تجربہ کار ٹیموں نے گولز کے انبار لگادیے

تیرہویں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کراچی میں شروع ہوگئی، پہلے روز تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں نے کمزور ٹیموں کیخلاف گولز کے انبار لگادیے۔

کراچی یونائیٹڈ اور ماشا نے 19،19 جبکہ واپڈا نے 14 گولز سے فتح حاصل کی۔

کراچی میں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے افتتاحی روز چار میچز کھیلے گئے۔ صبح کے سیشن میں کے ایم سی گراؤنڈ پر واپڈا کی ٹیم نے گلگت ویمن فٹبال کلب کو صفر کے مقابلے میں 14 گول کرکے آؤٹ کلاس کردیا۔

فاتح ٹیم کی صنوبر نے چار گول اسکور کیے، ماریہ خان نے 3 جبکہ دعا گیلانی اور فاطمہ انصاری نے دو، دو گول اسکور کیے۔

ہزارہ گرلز فٹبال اکیڈمی اور کوئٹہ ہزارہ کے درمیان ہونیوالا گروپ اے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دن کے سیشن میں کے پی ٹی گراؤنڈ پر  پہلی بار ٹورنامنٹ کھیلنے والی، مگر غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے والی ٹیم ماشا یونائٹیڈ نے سیالکوٹ سٹی ویمن فٹبال کلب کو 19 گولز سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم کے اسکواڈ میں شامل نیپالی فٹبالرز نے شاندار کھیل پیش کیا۔ سارو لمبو نے 10 جبکہ انتیا کے سی نے 6 گولز اسکور کیے۔

کے ایم سی گراؤنڈ پر ہونیوالے میچ میں کراچی یونائیٹڈ نے کراچی ویمن فٹبال کلب کو 0-19 سے ہرادیا ۔ کراچی یونائیٹڈ کی جانب سے ذوالفیا نذیر نے 10 گول داغ دیے جبکہ سوہا ہیرانی نے 5 گول اسکور کیے۔

ٹورنامنٹ میں بدھ کو بھی چار میچز کھیلے جائیں گے، دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی کا مقابلہ جافا فٹبال کلب، ریاض کامل ایف سی کا مقابلہ ایف سی کراچی، دیا ویمن فٹبال کلب کا مقابلہ محسن گیلانی ویمن فٹبال کلب جبکہ ہائیلینڈرز کا مقابلہ نوان شہر فٹبال کلب سے ہوگا۔

مزید خبریں :