28 ستمبر ، 2012
کولمبو…جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لئے 134رنز کا ہدف دے دیا، کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بنالئے،پاکستانی اسپنرزیاسر عرفات اور سعید اجمل نے ابتدا ہی میں جنوبی افریقا کے اوپنرز ہاشم آملہ اور لیوی کو بالترتیب8اور6رنز پر آوٴٹ کردیا۔ہاشم کویاسرعرفات جبکہ لیوی کوسعید اجمل نے پویلین بھیجا، اوپنرز کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم دباوٴ میں آگئی اورجیک کیلس بھی صرف18رنز بنا کرمحمد حفیظ کا شکار بنے،تاہم ان کے بعد آنے والے جے پی ڈیمنی اورفرحان بیحردین نے ٹیم کو سہارا دیا، دونوں نے بالترتیب48اور18رنزبنائے،ڈیمنی کو یاسرعرفات نے جبکہ فرحان کومحمد حفیظ نے آوٴٹ کیا۔بعد میں آنے والے اے بی ڈی ویلیئر نے تیز بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور18گیندوں پر25رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیاانہیں عمر گل نے آوٴٹ کیا۔مورکل اورپیٹرسن بالترتیب9اور3رنز بناکرناٹ آوٴٹ ہوئے ،اس طرح جنوبی افریقا پاکستان کو جیت کے لئے 134رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔