28 ستمبر ، 2012
کولمبو…پاکستان نے عالمی ٹی 20کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے ہراکر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔اس سے قبل پروٹیز نے کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں پر133رنز بنائے تھے،مطلوبہ ہدف پاکستان نے آٹھ وکٹوں پر 19.4اوورز میں پورا کرلیا۔پاکستان کی جیت میں مرکزی کردار فاسٹ بولر عمرگل اور مڈل آرڈر بیٹسمین عمراکمل نے ادا کیا اور دونوں کے درمیان 27گیندوں پر 49رنز کی میچ وننگ شراکت قائم ہوئی، عمر گل 32رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ عمر اکمل 43رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل پاکستان کی سات وکٹیں صرف 76پر گرچکی تھیں، اور بظاہر ایسا نظر آرہا تھا کہ پاکستان یہ میچ نہ جیت سکے گا تاہم اس موقع پر جیک کیلس کے ایک اوور میں عمر گل نے طوفانی اسٹروکس کھیل صورتحال کو تبدیل کرنا شروع کردیا اور پھر اسکے بعد میچ ہر گزرتے اوورکے ساتھ افریقی الیون سے دور ہوتا چلاگیا اور بیسویں اوور کی چوتھی گیند پر جادو گر اسپنر سعید اجمل نے چوکا مار کر میچ جتوادیاوہ چاررنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔پاکستان کی جانب سے کپتان محمد حفیظ15،عمران نذیر14،شعیب ملک 12دیگر قابل ذکر بیٹسمین تھے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین نے 3،رابن پیٹرسن 2جبکہ جوہان بوتھا، جین پال ڈومینی اور جیک کیلس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔عمرگل کو انکی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین پلیئر گردانا گیا۔دریں اثنا ء گرین شرٹس قائد محمدحفیظ نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمرگل اور عمر اکمل نے غیر معمولی کھیل پیش کیا۔