28 ستمبر ، 2012
کولمبو … ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی، آسٹریلوی اوپنرز شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے 133 رنز کی شراکت قائم کی۔ کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں بھارت کی جانب سے دیا گیا 141 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 15 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ آسٹریلوی اوپنرز نے کسی بھی بھارتی بولر کو نہ بخشا اور مشکل سمجھی جانے والی وکٹ پر 10چھکے اور 9 چوکے جڑے، آسٹریلیا کے آوٴٹ ہونے والے واحد بیٹسمین شین واٹسن 42 گیندوں پر 7 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے جارحانہ 72 رنز بنا کر یوراج سنگھ کی کے ہاتھوں پویلین لوٹنے پر مجبور ہوئے انہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر 41 گیندوں پر 63 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، انہوں نے اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان نے ایک اوور میں 19، پیوش چاوٴلہ نے 14 ، روہت شرما نے 12 اور ویرات کوہلی نے 10 رنز دیئے، یوراج سنگھ2 اوورز میں 16 رنز دے کر ایک وکٹ لے سکے۔ شین واٹسن کو بولنگ میں 3 وکٹیں لینے کے بعد 72 رنز کی شاندار اننگز پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 140 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان 31، سریش رائنا 26رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ آسٹریلیا کے شین واٹسن نے 3، پیٹ کمنز نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔