Time 16 مارچ ، 2021
کاروبار

پاکستان نے 8 ماہ میں 867 ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیاء درآمد کیں، رپورٹ

گزشتہ سال جولائی تا فروری کھانے پینےکی اشیاء کی درآمد 554 ارب14کروڑ 40لاکھ روپے تھی، وفاقی ادارہ شماریات— فوٹو:فائل 

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان نے 8 ماہ میں 867 ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیا درآمد کیں جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کی درآمد میں گزشتہ سال کے اس عرصے کے مقابلے میں 56.48 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جولائی تا فروری کھانے پینےکی اشیاء کی درآمد 554 ارب14کروڑ 40لاکھ روپے تھی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی تافروری چینی کی درآمد میں 6 ہزار فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا اور اس عرصے میں  20 ارب 63 کروڑ 50 لاکھ روپےکی چینی درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 33 کروڑ 40 روپے کی چینی درآمد کی گئی تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تافروری147ارب 26کروڑ30لاکھ روپے کی گندم درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں گندم کی درآمد صفر تھی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات کی درآمدمیں سالانہ بنیادوں پر 194.35 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی تافروری 10ارب47کروڑ60لاکھ روپے کے خشک میوہ جات درآمد کیےگئے، گزشتہ سال اسی عرصےمیں 3 ارب 55 کروڑ 90 لاکھ روپےکے میوہ جات درآمد کیے گئے تھے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 8 ماہ میں 257 ارب 44 کروڑ 60 لاکھ روپے کا خوردنی تیل درآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 184 ارب 24 کروڑ 90 لاکھ روپےکا خودرنی تیل درآمد کیاگیاتھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق 8 ماہ میں مصالحہ جات کی درآمد میں 36.76 فیصد  جبکہ چائےکی درآمد میں 22.11 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی تا فروری 61 ارب 72 کروڑ روپے کی چائے درآمد کی گئی، گزشتہ سال اسی عرصے میں 50ارب 54 کروڑ 60 لاکھ روپےکی چائے درآمد کی گئی تھی۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ مالی سال کے 8 ماہ میں 61 ارب 40 کروڑ 80 لاکھ روپے کی دالیں درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصےمیں 58ارب43کروڑ40لاکھ روپےکی دالیں درآمد کی گئی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات میں 58.08 فیصد کا اضافہ ہوا اور موبائل فونز کی درآمدات 213 ارب 9 کروڑ 90 لاکھ روپے رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصےمیں موبائل فونزکی درآمدات 134 ارب 80 کروڑ 60لاکھ روپےتھیں۔


مزید خبریں :