اڑان سے پہلے ہی جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے پر کتر دیے گئے

اڑان سے پہلے ہی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے پر کتر دیے گئے اور اگست 2020 میں قائم کیے گئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو لاہور سیکرٹریٹ کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔

دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹرن لیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ زاہد اختر زمان کو پہلے ہی باہر تعینات کر دیا گیا ہے۔

21 فروری کو جاری نوٹی فکیشن میں جنوبی پنجاب کے محکموں کو محدود اختیارات دیے گئے ، وہاں کے سیکرٹریز کو لاہور میں ان کے متعلقہ محکموں میں سیکرٹریز کا ماتحت بنا دیا گیا ہے۔

پہلے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ کے توسط سے براہِ راست وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ کرتے تھے۔

لاہور سیکرٹریٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اختیارات کی منتقلی میں عملی مشکلات کا سامنا رہا، اس لیے حکومت نے فیصلہ کیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مرحلہ وار اختیارات سونپے جائیں۔

مزید خبریں :