18 مارچ ، 2021
لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز کو ایک اور کیس میں 26 مارچ کو طلب کرلیا۔
نیب نوٹس کے مطابق مریم نواز کوجاتی عمرا میں 1500 کنال اراضی کی غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات کے لیے بلایا گیا ہے۔
نیب نوٹس میں کہا گیا ہےکہ شریف فیملی نے2013 میں تقریباً ساڑھے 3 ہزار کنال اراضی انتظامیہ کی مدد سے حاصل کی اور بیوروکریسی کی مدد سے 2015 میں لاہور کا ماسٹر پلان ہی تبدیل کروا دیا گیا۔
نیب نوٹس کے مطابق افسران میں اس وقت کے ڈی سی اونورالامین مینگل، ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور دیگر شامل ہیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہےکہ انتظامیہ کی مدد سے جاتی عمرا میں ہزاروں کنال اراضی کو گرین لینڈ ایریا ڈکلیئر کروایا گیا۔
نیب لاہور کےنوٹس میں مریم نواز کو تمام مطلوبہ ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ نیب لاہور نے مریم نواز کو 26 مارچ کو ہی چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات کے لیے بلایا ہے۔