Time 21 مارچ ، 2021
پاکستان

نیب کے سامنے پیش ہوں گی، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت ہے، مریم

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے 26 مارچ کو پیش ہوں گی جبکہ اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت ہے۔

لاہور میں یوتھ کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو 2017 میں جھوٹے الزام پرنکالا گیا اور  آج 22 کروڑ عوام پوچھ رہی ہے کہ نوازشریف کو کیوں نکالا؟  آپ کے پاس ہے کوئی جواب کہ نوازشریف کوکیوں نکالا؟

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کواقامے پرنکالا گیا، نوازشریف کوبیٹی سمیت جیل بھیج دیا گیا، جنوبی پنجاب محاذ ڈرامےکا ڈراپ سین ہوگیا ہے، چند لوٹوں کے علاوہ کسی نے ن لیگ کو نہیں چھوڑا، یہ لوگ کہتےتھےکہ نوازشریف کی سیاست اورپارٹی ختم ہوگئی ہے۔

مریم نواز نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی طلبی کے حوالے سے کہا کہ نیب نے الزام لگایا کہ میں اداروں کے خلاف بیان دیتی ہوں، نیب کوبیانات جانچنے کا ٹھیکہ کس نے دیا ہے؟نوازشریف لندن میں بیٹھے ہیں مگراس کے ڈرسے ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، نیب بیانات کا چوکیداربنا بیٹھا ہے، نوازشریف کی بیٹی ہوں آپ سے ڈرتی نہیں۔

لیگی نائب صدر نے الزام عائد کیا کہ نوازشریف کودھمکیاں دی جارہی ہیں کہ آپ کی بیٹی باز نہ آئی تو اسے ختم کردیں گے، میں نے نوازشریف کوکہا کہ زندگی اورموت اللہ کے ہاتھ میں ہے نیب یا حکومت کےہاتھ میں نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 26 مارچ کو نیب میں پیش ہوں گی، 26 مارچ کو لانگ مارچ نہیں ہوگا لیکن ان کو اتنا ڈر تھا کہ جس دن لانگ مارچ تھا، اسی دن نیب نے مجھے بلالیا۔

 مریم نواز کا کہنا تھاکہ جتنی قربانیاں دینی تھیں دے دیں، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت ہے، اگرنیب نے گڑبڑکرنے کی کوشش کی تو ن لیگ مقابلہ کرے گی۔

لیگی نائب صدر نے انکشاف کیا کہ پاناما کے وقت نوازشریف کوکہا گیا استعفیٰ دوپاناما ختم ہوجائے گا لیکن نوازشریف نے دباؤ میں آکراستعفیٰ دینے سے انکارکردیا، نوازشریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو جھوٹے کیس میں نکالا گیا۔

سینیٹ انتخابات کے حوالے سے مریم کا کہنا تھا کہ بتایا گیا پی ٹی آئی ایم این ایزکہتے ہیں ووٹ پیپلز پارٹی کوووٹ دیں گے لیکن ٹکٹ ن لیگ کا چاہیے، پنجاب میں سینیٹ الیکشن ہورہا تھا تب ہمارے پاس 22، 24 ووٹ فالتو تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 5 سینیٹرز کے بعد بھی آزاد ارکان کو ملا کر 30 کے  قریب ووٹ فالتو تھے، ہم نے اپنا امیدواربھی فیلڈ کیا، فیصلہ ہوا امیدوار کو دستبردار کرلینا چاہیے، پی ٹی آئی ایم پی ایز نےفون پر فون شروع کر دیے اور کہا کہ بی بی اپنا امیدوار دستبردار مت کرائیں ہم مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

حکومت کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم کا کہنا تھاکہ حکومت اپنے دن گننا شروع کردے، عمران خان کہتا ہے اسے نکالا گیا تو عوام کو سڑکوں پر لائے  گا، پی ٹی آئی نے مزید ڈیڑھ سال مکمل کیا تویہ جماعت خود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی۔

ان کا  کہنا تھاکہ ہمارے لیڈر کو کوئی گالی دے گا تو تمہارا منہ توڑا جائے گا، ہمارے لیڈرپر کوئی ہاتھ اٹھانے کی کوشش کرے گا تو تمہارا منہ توڑا جائے گا۔

مزید خبریں :