21 مارچ ، 2021
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے طلبی کے معاملے پر حفاظتی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز حفاظتی ضمانت کرا کے 26 مارچ کو نیب میں پیش ہوں گی، مریم نواز قافلے کی صورت میں جاتی عمرا سےنیب دفتر پہنچیں گی۔
خیال رہےکہ نیب لاہور نے مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس اور جاتی عمرا میں 1500 کنال اراضی کی غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات کے لیے 26 مارچ کو طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کل ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کےمرکزی سیکرٹریٹ میں حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس ہوگا جس میں مریم نواز کی نیب دفترپیشی کی حکمت عملی پرتبادلہ خیال ہوگا، اجلاس میں احسن اقبال ،راناثناء، سعدرفیق مریم اورنگزیب اورممبران اسمبلی شریک ہوں گے۔
اس حوالے سے مریم نواز کا کہنا ہےکہ وہ 26 مارچ کو نیب میں پیش ہوں گی، 26 مارچ کو لانگ مارچ نہیں ہوگا لیکن ان کو اتنا ڈر تھا کہ جس دن لانگ مارچ تھا، اسی دن نیب نے مجھے بلالیا۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ جتنی قربانیاں دینی تھیں دے دیں، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت ہے، اگرنیب نے گڑبڑکرنے کی کوشش کی تو ن لیگ مقابلہ کرے گی۔