Time 22 مارچ ، 2021
پاکستان

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ پیپلز پارٹی کو ملنا چاہیے: راجا پرویز اشرف

فوٹو: فائل

پی ڈی ایم کے سینئر نائب صدر  راجا پرویز اشرف نے امید ظاہر کی ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا معاملہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد میں خوش اسلوبی سے طے ہو جائے گا۔

گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پی ڈی ایم میں تمام جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ سے ہو گا۔

مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پی ڈی ایم کے سینئر نائب صدر راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی سینیٹ میں 21 سینیٹرز کے ساتھ سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہے، جمہوری روایات کے مطابق سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ پیپلز پارٹی کو ہی ملنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ ن لیگ کے پاس ہیں، پارلیمان کا تیسرا اہم عہدہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا سب سے بڑی پارٹی کو جانا چاہیے، جس پارٹی کے پاس پارلیمان میں پہلے ہی دو عہدے موجود ہیں، اسے تیسرا عہدہ ملنا نامناسب ہو گا۔

راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ قائد حزب اختلاف کا عہدہ جمہوری اصولوں اور غیرجانبداری پر دینا چاہیے۔

مزید خبریں :