25 مارچ ، 2021
سندھ کے ممتاز صوفی بزرگ حضرت لال شہباز قلندر کے عرس کی تقریبات منانےکا فیصلہ کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جامشورو فریدالدین کے مطابق کورونا کے پیش نظرعرس کی تقریبات کو محدود کیا جائےگا تاہم درگاہ میں زائرین کو روکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈپٹی کمشنرکے مطابق محکمہ اوقاف ایس او پی پر عمل کرانے کا پابند ہوگا، میلے میں ادبی تقریبات اور ملاکھڑا سمیت دیگر تقریبات نہیں ہوں گی۔
مقامی ایم این اے سکندر راہوپوٹہ کا کہنا ہےکہ میلہ نہ ہونے سےگزشتہ سال بھی لوگوں کو نقصان ہوا تھا، عرس کے انعقاد سے مقامی لوگوں اور تاجروں کو فائدہ ہوگا۔
سکندر راہوپوٹہ کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ نے مقامی لوگوں کی گزارشات پر عرس کی اجازت دی ہے۔
خیال رہے کہ لعل شہباز قلندر کا عرس ہر سال سندھ کے شہر سیہون میں ان کے مزار پر 18، 19 اور 20 شعبان کو منعقد کیا جاتا ہے جس میں پورے ملک سے زائرین شرکت کرتے ہیں۔