27 مارچ ، 2021
وفاقی حکومت نے چینی کی درآمد کا مسلسل دوسرا ٹینڈر بھی منسوخ کردیا جس کے بعد درآمد کا عمل بھی وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چینی کی مہنگی بولیاں موصول ہونے پر ٹینڈر منسوخ کیا گیا جبکہ ٹینڈر منسوخ ہونے سے رمضان سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز کو 50 ہزار ٹن درآمدی چینی کی فراہمی مشکل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق چینی درآمد کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو دوبارہ مہنگی بولیاں موصول ہوئی تھیں جبکہ چینی کی درآمد کیلئے سب سے کم بولی الخلیج گروپ نے دی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ چینی کی کم سے کم بولی 544.10 ڈالر فی ٹن موصول ہوئی تھی اور کم سے کم بولی کے تحت درآمدی چینی کراچی پورٹ پر 90 روپے فی کلو میں پڑتی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی ٹی سی پی نے چینی کا پہلا ٹینڈر بھی مہنگی بولی ملنے پر منسوخ کیا تھا جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کو درآمدی چینی فراہم کرنے کیلئے دوبارہ ٹینڈر دیا گیا تھا۔