03 اپریل ، 2021
سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان کی طبیعت تاحال ناساز ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد میں رہائش گاہ پرعلاج کیا جارہا ہے اور آج انہیں بخارکے باعث ڈرپ بھی لگائی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نےمولانا فضل الرحمان کوآرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
خیال رہے کہ آج سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے فون پر مزاج پرسی کی اور کہا کہ میں آپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کررہا ہوں۔
دوسری جانب نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو مکمل صحت یابی تک آرام کا مشورہ دیا، ان کا کہنا تھا کہ سیاست ہوتی رہےگی پہلے اپنی صحت پر توجہ دیں،آپ صحت یاب ہوجائیں پھر پی ڈی ایم کو مکمل فعال کریں گے۔