11 مئی ، 2021
وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہےکہ بیت المقدس پر اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کو فوری،مؤثر اورمربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق ترکی کی میزبانی میں بیت المقدس کی تازہ صورت حال پر ہنگامی ورچوئل کانفرنس ہوئی جس میں ویڈیو لنک کانفرنس میں 60 ممالک کے 100 سے زائد مندوبین شریک ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں اسلامی ممالک کے وزرائے مذہبی امور، مفتیان اور مذہبی امورکے صدور نے شرکت کی، ترکی کے وزیر مذہبی امورنے اپنے ابتدائی کلمات میں ترک صدر طیب اردوان کاخصوصی پیغام سنایا۔
کانفرنس میں وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے پاکستان کی نمائندگی کرتےہوئے حکومتی مؤقف پیش کیا۔
نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان بطور ریاست وحکومت فلسطینی قوم کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھےگا، مسجد اقصٰی کی بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم ناقابل قبول ہیں،مسجداقصیٰ کی بے حرمتی اور بربریت کسی ایک مذہب یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ انسانی المیہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کا القدس کے ساتھ دینی، قلبی اور روحانی تعلق ہے،اسرائیلی فوج کی بزدلانہ کارروائی مذہبی آزادیوں اور دینی حریت پرحملہ ہے،اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل ہنگامی طور پرمسئلہ کی سنگینی کی طرف متوجہ ہو، اسلامی ممالک کی تنظیم کوبھی فوری،موثر اورمربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔