01 جون ، 2021
سپر ہٹ ڈرامہ سیریل 'قیامت' میں شاندار اداکاری کرنے والی امر خان نے اپنی والدہ اداکارہ 'فریحہ جبین' سے متعلق کہا کہ مجھے آج تک میری والدہ کی وجہ سے کوئی کام نہیں ملا کیونکہ وہ ایک اسٹار نہیں بلکہ اداکارہ تھیں۔
کچھ عرصہ قبل بطور اداکارہ متعارف کروائی جانے والی امر خان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اقربا پروری کے حوالے سے بھی بات کی۔
امر کا کہنا تھا کہ 'میرے نانا ایک فلمساز تھے اس کے باوجود وہ میری والدہ کے اس انڈسٹری میں آنے کے خلاف تھے، میری ماں نے اپنے طور پر بہت محنت کی ہے اور اگر لوگ مجھے اس وجہ سے پیار کرتے ہیں تو اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے'۔
امر نے انٹرویو کے دوران کہا کہ 'مجھے اپنی ماں کی وجہ سے نا ہی پہلا بریک ملا اور نا ہی ان کی وجہ سے آج تک کوئی کام ملا کیونکہ وہ ایک اداکارہ تھیں، اسٹار نہیں تھیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'آج بھی جب صبح اٹھ کر انہیں فون پر اپنے رکے ہوئے چیک مانگتے ہوئے دیکھتی ہوں تو اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اسٹار نہیں ہیں'۔
اقربا پروری سے متعلق اداکارہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھ پر دوسرے اداکاروں کے مقابلے میں زیادہ ذمہ داری تھی کیونکہ اس تیسری پیڑھی میں کوئی اسٹار نہیں ہے'۔
خیال رہے کہ اداکارہ امر خان نے فلم میکنگ میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے جب کہ انہوں نے ایک فلم 'دم مستم' بھی لکھی ہے جس میں وہ خود مرکزی کردار ادا کریں گی اور ان کا ساتھ اداکار عمران اشرف دیں گے۔