05 جون ، 2021
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کا الگ ہی مزہ ہے اور وہ اس کے لیے بہت پرجوش ہیں لہٰذا وہ 100 فیصد پرفارم کریں گے۔
نسیم شاہ نے کہا ہےکہ انسان سے غلطیاں ہو جاتی ہیں اور یہ زندگی کا حصہ ہے، میرا ابوظبی میں رزق لکھا تھا اور میں اب یہاں پہنچ گیا یہی میرا یقین ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ زندگی ہے، کہیں بھی کھیلی جائے، خوشی ہوتی ہے، میرا ہدف یہی ہوتا ہے کہ محنت اور دلیری کے ساتھ کھیلنا ہے۔
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ قرنطینہ میں وقت گزارنے کی اب عادت ہو چکی ہے اور کئی بار قرنطینہ مکمل کر چکے ہیں، اس دوران فکر فٹنس کی ہوتی ہے، فٹنس برقرار رکھنے کے لیے کمرے میں دستیاب سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھاتا ہوں۔
فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ میں نے فٹنس کے لیے بڑی محنت کی ہے، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز نے بہت رہنمائی کی اور خاص طور پر ثقلین مشتاق نے مشکل وقت سے نکلنے کے لیے بتایا، اب میں 100 فیصد فٹ ہوں اور پرفارم کرنے کے لیے تیار ہوں، تینوں فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کے لیے پر عزم ہوں۔
واضح رہےکہ نسیم شاہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے تھے انہوں نے کووڈ ٹیسٹ کی پرانی رپورٹ جمع کرائی تھی لیکن اس کے بعد انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہونے کی اجازت دے دی گئی تھی۔