16 جون ، 2021
پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد اور لاہور قلندر کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان میدان میں گرما گرمی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی نے واقعے کے بعد حارث رؤف کو بھی دوران میچ بلند آواز میں باؤنسر مارنے کو کہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم منیجمنٹ نے اس واقعے کے خلاف میچ ریفری کو شکایت درج کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت اونچی آواز میں دوسرے بولر کو اکسانے پرجرمانہ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب ہونے والے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے پہلے سرفراز احمد کو باؤنسر کیا ،گیند ہیلمٹ پر لگی، سرفراز احمد نے ہاتھ کے اشارے سے شاہین آفریدی کو ٹھنڈا رہنے کے لیے کہا جس پر شاہین آفریدی اور سرفراز احمد میں جملوں کا تبادلہ ہوا۔
کمنٹری کے دوران رمیز راجا نے کہا کہ سرفراز احمد ، شاہین کو کہہ رہے ہیں کے باؤنسر نہ کریں۔
سرفراز نے ایسا کہا یا کچھ اور اس کا جواب تو سرفراز یا شاہین ہی دے سکتے ہیٕں لیکن سوشل میڈیا پر اس جھگڑے کو لے کر بحث شروع ہوگئی ہے۔
اس میچ میں کوئٹہ نے لاہور کو 18 رنز سے شکست دی تھی۔