18 جون ، 2021
انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے افغانستان سے پیدل آنے اور جانے والوں پر پابندی لگادی۔
این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق افغانستان کی سرحد پر تمام بارڈر ٹرمینلز گزشتہ روز سے بند کردیے گئے ہیں اور یہ فیصلہ افغانستان میں کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کے باعث کیا گیا۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پہلے سے موجود پاکستانیوں کو واپس آنے کی اجازت ہوگی جبکہ واپس آنے والے پاکستانیوں کو کورونا ٹیسٹ کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں پہلے سے موجود افغان شہریوں کو واپس جانے کی اجازت ہوگی جبکہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں افغان شہریوں کو ٹیسٹ کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زیرتعلیم افغان طلبہ کو ہدایات سے الگ سے آگاہ کیا جائے گا۔