19 جون ، 2021
لاہور کے علاقے شفیق آباد میں معمولی جھگڑے پر ہمسائے نے آٹا چکی کے مالک کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
لاہور کے علاقے شفیق آباد میں آٹا چکی کے شور پر جھگڑا شروع ہوا، شفاقت گجر نامی شخص نے مالک کو چکی بند کرنے کو کہا، انکار پر ملزم طیش میں آگیا۔
سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم گھر سے نکل کر چکی پر آتا ہے، وہا ں موجود لوگوں کو دھکے دیتا ہے اور پھر پستول نکال کر فائرنگ کرتا ہے جس سے چکی کا مالک عمر موقع پر جاں بحق، اس کا بھائی عثمان، والدہ خورشید بی بی اور ایک راہگیر خاتون سعدیہ زخمی ہو جاتی ہے۔
پولیس نے ملزم شفاقت گجر کے گھر چھاپہ مار کر ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا تاہم ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
ایس پی سٹی حسن جہانگیر نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ملزم کی جلد گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔