کھیل

پی ایس ایل 6، لاہور قلندرز پر پلے آف سے باہر ہوجانے کی تلوار لٹکنے لگی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مسلسل چار شکستوں کے بعد لاہور قلندرز پر پلے آف سے باہر ہوجانے کی تلوار لٹکنے لگی۔

اور اس کی پی ایس ایل 6 میں بقا کی اب ساری امیدیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی آج کراچی کنگز کیخلاف جیت سے وابستہ ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت تین ٹیموں کے پوائنٹس10، 10   ہیں تاہم ان کے درمیان نیٹ رن ریٹ کا فرق موجود ہے۔

کراچی کنگز کے 9 میچز میں 8 پوائنٹس ہیں اور اگر کل وہ جیت جاتا ہے تو وہ بھی دس پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر آجائے گا اور یوں یکساں پوائنٹس پر فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی تو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن یقینی ہے، ملتان سلطانز کے 9 میچز میں 10  پوائنٹس ہے اور وہ آج وہ آخری میچ اسلام آباد سے کھیلے گا۔

ملتان کا موجودہ نیٹ رن ریٹ 1.192 ہے اور ملتان صرف اس صورت ہی باہر ہوسکتا ہے اگر اسلام آباد اس کو 300 رنز سے شکست دے جو منطقی طور پر ممکن نہیں۔

پشاور زلمی 0.586 کے رن ریٹ اور دس پوائنٹس کے ساتھ اس وقت تیسرے نمبر پر ہے۔

لاہور قلندرز کا رن ریٹ منفی 0.589 ہے، کراچی کنگز کا نیٹ رن ریٹ بھی اس وقت منفی 0.212 ہے اور کوئٹہ سے جیت کی صورت میں یہ یقینی طور پر بہتر بھی ہوگا اور اس صورتحال میں لاہور قلندرز کی ٹیم باہر ہوجائے گی۔

یوں لاہور قلندرز کی ٹورنامنٹ میں بقاء کیلئے واحد امید آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی کنگز کے خلاف جیت ہے۔

مزید خبریں :