Time 19 جون ، 2021
پاکستان

اپوزیشن لیڈر پارلیمان کو کمزور کرنے کے ایجنڈے کا حصہ بن رہے ہیں، فواد چوہدری

شہباز شریف کی پارلیمان کو بائی پاس کر کے انتخابی اصلاحات پر اے پی سی کی تجویز مضحکہ خیز ہے، وفاقی وزیراطلاعات کی تنقید— فوٹو:فائل 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومتی الیکشن بل پر اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی تجویز پر شدید تنقید کی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کی ناکامی کے بعد شہباز شریف کو اے پی سی کی نئی کہانی سوجھی ہے، پی ڈی ایم میں وعدے کرکے مکرنے والے کس منہ سے اے پی سی میں شریک ہوں گے؟

انہوں نےکہا کہ ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے پراعتراضات اٹھانے والے کس منہ سے اے پی سی میں جائیں گے؟ جن لوگوں کی طبیعت میں الیکشن چوری ہو وہ شفاف انتخابات کی تجویز کیسے دے سکتے ہیں؟

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ شہباز شریف کی پارلیمان کو بائی پاس کر کے انتخابی اصلاحات پر اے پی سی کی تجویز مضحکہ خیز ہے، پارلیمان کی بالادستی کے دعوے دار آج خود پارلیمان کی توقیر کو پاؤں تلے روند رہے ہیں، اس طرح کی فیصلہ سازی پارلیمان کے اندر کی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن لیڈر پارلیمان کو کمزور کرنے کے ایجنڈے کا حصہ بن رہے ہیں، اپوزیشن اپنی ناکامیوں کا پردہ ڈالنے کیلئے اے پی سی کا چورن بیچنے نکلی ہے لیکن ان کا اے پی سی کا چورن نہیں بکے گا، عوام ان کی اصلیت اور حقیقت جان چکے انہیں بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

خیال رہےکہ حکومتی الیکشن بل پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے دی گئی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔

مزید خبریں :