24 جون ، 2021
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے متنازع قانون سازی کے معاملے پر 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی۔
اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں کی مشاورت سے متنازع قانون سازی کے معاملے پر 14 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی میں وفاقی وزراء پرویز خٹک، اسد عمر، طارق بشیر چیمہ اور فہمیدہ مرزا سمیت وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، خالد مقبول صدیقی اور خالد مگسی شامل ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی میں شاہد خاقان عباسی، ایاز صادق، رانا ثنااللہ، شاہدہ اختر علی، نوید قمر، شازیہ مری اور آغا حسن بلوچ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی اپنے ٹی او آرز کو حتمی شکل دے گی اور اپنی سفارشات اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل حکومت نے قومی اسمبلی سے الیکشن کمیشن، الیکشن اصلاحات، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق بل سمیت 21 بل منظور کروائے تھے جس کی اپوزیشن کی جانب سے شدید مخالفت کی گئی تھی اور حکومت سے متنازع قانون سازی کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔