Time 25 جون ، 2021
پاکستان

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مزید 6 نکات پرعملدرآمد کا ٹاسک دے دیا

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو مزید 6 نکات پرعمل درآمد کا ٹاسک دے دیا۔

ایف اے ٹی ایف کے مطابق گرے لسٹ میں رہنے کا مطلب ہے کہ کچھ خامیاں موجود ہیں، پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور فیٹف پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرتا ہے۔

ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) کی آخری تین شرائط میں سے دو پر مؤثر کام کیا اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے اثاثوں کو ضبط کیا۔

ایف اے ٹی ایف کے مطابق پاکستان نے ایکشن پلان کے تحت 27 میں سے 26نکات پر عمل درآمد کیا۔

ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ دہشت گروں کی فہرست میں شامل افراد کی مکمل تفتیش کا کہا ہے، ان دہشت گردوں پرمقدمہ چلانے کیلئے بھی پاکستان کو مزید کام کرنے کا کہا ہے۔

ایف اے ٹی ایف کے مطابق پاکستان نے جون2021 میں اسٹریٹیجک خامیاں دور کرنے کے عزم کا ظہار کیا۔

فیٹف  نے ہدایت کی کہ اینٹی منی لانڈرنگ کے قوانین میں ترامیم کرکے بین الاقومی تعاون بڑھایاجائے، وکلا، رئیل اسٹیٹ ایجنٹ، جیولری کا کام کرنے والوں کی نگرانی یقینی بنائی جائے اور ان شعبوں کے کاروبار کے دستاویزی ثبوت لیے جائیں۔

ایف اے ٹی ایف نے مطالبہ کیا کہ جس جگہ ضروری ہو پابندیا ں بھی لگائی جائیں اور بے نامی کاروبار اور جائیدادیں رکھنے والوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔

ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ مقدمات کی تحقیقات میں اضافہ کرکے عدالتوں میں پیش کیے جائیں اور منی لانڈرنگ میں دوسرے ممالک سے مل کر ناجائز اثاثے تلاش کر کے ضبط کیے جائیں۔

خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید خبریں :