Time 03 جولائی ، 2021
پاکستان

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے جنوبی سندھ صوبے کا مطالبہ کردیا

حقوق کراچی ریلی کا آغاز حسن اسکوائر سے ہوا جوکارساز روڈ اور شاہراہ فیصل سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پہنچی۔—فوٹو: پی پی آئی
حقوق کراچی ریلی کا آغاز حسن اسکوائر سے ہوا جوکارساز روڈ اور شاہراہ فیصل سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پہنچی۔—فوٹو: پی پی آئی

کراچی : وفاق میں حکومتی اتحادی اور سندھ میں اپوزیشن جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سندھ حکومت کے خلاف  "کراچی حقوق "ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے جنوبی سندھ صوبے کا مطالبہ کرتےہوئے کہا کہ سندھ کو 10سالوں میں 6 ہزار 575 ارب روپے ملےجس کا عدالتی کمیشن حساب کتاب لے۔

  کراچی حقوق ریلی کا آغاز حسن اسکوائر سے ہوا جوکارساز روڈ اور شاہراہ فیصل سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پہنچی۔ 

ایم کیوایم پاکستان نے کراچی میں غیرتسلی بخش مردم شماری، جعلی ڈومیسائل سمیت بیروزگاری پر پیپلزپارٹی کے خلاف چارج شیٹ پیش کی اور احتجاج کے دائرہ کار کو کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی پھیلانے کا عندیہ دے دیا۔

خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کا نوجوان بیروزگار ہے ،تعلیم سے محروم ہے،سندھ کی کرپٹ حکومت کو پہلا نوٹس دے دیا ہے، اس کے بعد حیدر آباد ، سکھر اور میر پور خاص والے بھی اپنا مقدمہ لے کر سڑکوں پر نکلیں گے۔

مزید خبریں :