Time 09 جولائی ، 2021
کھیل

ٹارگٹ پاکستان کے لیے اولمپک میڈل لانا ہے: ایتھلیٹ ارشدندیم

دراز قد جیولین تھرور ارشد ندیم کو ٹوکیو اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل ہے —فوٹو :فائل
دراز قد جیولین تھرور ارشد ندیم کو ٹوکیو اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل ہے —فوٹو :فائل

ٹوکیو اولمپکس 2020 میں جیو لین تھرو کھیل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ایتھلیٹ ارشدندیم کا کہنا ہے کہ پہلے ٹارگٹ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنا تھا اور اب ایک ہی ٹارگٹ ہے کہ اولمپک میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کروں۔

ٹوکیو اولمپکس کے لیے ارشد ندیم کی تیاریاں حتمی مرحلے میں پہنچ گئی ہیں ، ان دنوں وہ پنجاب اسٹیڈیم لاہور کی فلڈ لائٹس میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

ارشد ندیم کہتے ہیں کہ ٹریننگ کے لیے ہر طرح کی سہولیات میسر ہیں ، ٹوکیو اولمپکس کے لیے دن رات محنت کر رہا ہوں  اور میں اپنی تیاریوں سے مطمئن ہوں ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے بڑی محنت کی وہ ہدف حاصل کیا، اب میں نے پاکستان کے لیے میڈل جیتنا ہے ۔

علاوہ ازیں  ارشد ندیم نے کہا کہ میں اگر اپنی بہترین تھرو کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہوں تو پھر میں کوئی بھی میڈل جیت سکتا ہوں، یہ گولڈ بھی ہو سکتا ہے سلور اور برانز بھی، کسی بھی حال میں میں نے ملک کا نام روشن کرنا ہے۔

اس کے علاوہ اُن کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اولمپکس میں پاکستان کی براہ راست کوالیفائی کر کے نمائندگی کر رہا ہوں، بڑے ایتھلیٹس کی موجودگی میں پرفارم کروں گا ، اُن سے ملنے کا موقع ملے گا  جبکہ  بڑے ایتھلیٹس کا مقابلہ کر کے مزہ آئے گا ۔

ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری کا کہنا ہے  کہ ارشد ندیم اولمپکس میں میڈل جیتنے کی ایک بہت بڑی اُمید ہیں ، میڈل جیتنے کے لیے انہوں نے بڑی محنت کی ہے اس وقت ارشد ندیم اپنی بہترین تھرو 86.38 کر رہے ہیں اور اگر وہ اپنی اسی تھرو کے مطابق اولمپکس میں پرفارم کرتے ہیں تو ضرور میڈل جیت لیں گے۔

فیاض بخاری نے مزید کہا کہ ٹو کیو اولمپکس میں ابتدائی مقابلے دن جبکہ فائنل رات کے وقت ہیں اس لیے پریکٹس ڈےاینڈ نائٹ کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :